Happenings At KFUEIT

ملازمین کو رعایتی نرخوں پر گندم فراہم کی گئی

خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی رحیم یار خان سو ملازمین کو رعایتی نرخوں پر گندم فراہم کی گئی۔ تفصیل کے مطابق ڈیپارٹمنٹ آف ایگریکلچر انجینئرنگ کے زیر انتظام یونیورسٹی کے اپنے زرعی رقبے سے حاصل ہونے والی گندم ضرورت مند ملازمین کو ایک ہزار روپے فی چالیس کلو گرام کی رعایتی قیمت پر فراہم کی گئی جبکہ مارکیٹ میں اس فوڈ آئیٹمز جیسا کہ گندم، آٹا اور چینی کی قیمتیں بہت زیادہ ہیں۔ یونیورسٹی نے ملازمین کو گندم نو پرافٹ نو لاس کی بنیاد پر فراہم کی۔ ڈیپارٹمنٹ آف ایگریکلچر انجینئرنگ نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیمان طاہر کی موجودگی میں گندم ملازمین کے حوالے کی۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر سلیمان طاہر کا کہنا تھا کہ حالیہ آنے والی مہنگائی کی لہر میں بنیادی ضرورت کی اشیاء کی قیمتیں بڑھنے سے کم آمدنی والے ملازمین پر معاشی دباؤ بہت زیادہ بڑھ گیا۔ اس ضمن میں یونیورسٹی نے اپنے وسائل سے اگائی ہوئی گندم رعایتی قیمت پر ملازمین کو فراہم کرکے ان پر معاشی دباؤ کم کرنے کی کوشش کی ہے۔ گندم کی رعایتی قیمت اتنی مقرر کی گئی جس سے گندم کی فصل کے اخراجات پورے ہو سکیں اور یونیورسٹی کو کسی قسم کا نقصان نہ ہو۔ ان کا مزید یہ کہنا تھا کہ باقی یونیورسٹیز کو بھی بڑھتی ہوئی مہنگائی کے اس دور میں کم آمدنی والے ملازمین کو سہولت فراہم کرنے کے لئے اس قسم کے اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ اس موقع پر ڈین آف آل فیکلٹیز ڈاکٹر ارشد منیر لغاری، ڈاکٹر یاسر نیاز، ڈاکٹر اسلم خان، ڈاکٹر احمد صہیب، ڈاکٹر مصطفی کمال و دیگر ہیڈز آف ڈیپارٹمنٹ بھی موجود تھے۔